لکھنؤ،15/ جون (آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست میں واپس آنے والے 51 لاکھ مہاجر مزدوروں کو روزگار دیا ہے اور اگلے ہفتے 10 لاکھ مزید روزگار دینے کا منصوبہ ہے۔چیف منسٹر کے انفارمیشن ایڈوائزر مرینجے کمار نے دعوی کیا کہ اب تک ریاستی حکومت نے 51 لاکھ مہاجر مزدوروں کو روزگار دیا ہے۔ ان میں سے زیادہ تر روزگار منریگا اسکیم کے تحت دئیے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق محکمہ دیہی وترقی کے سکریٹری نے ایک ملاقات میں وزیر اعلی کو بتایا کہ ریاست میں 51 لاکھ مہاجر مزدوروں کو روزگار سے جوڑ اگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اگلے ہفتے 10 لاکھ اضافی لوگوں کو روزگار دے گی۔25 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد مختلف ریاستوں میں مقیم مہاجر مزدور اپنے گھروں کو واپس جانے لگے۔ ان لاکھوں مہاجر مزدوروں کا تعلق اترپردیش سے تھا۔جب سے مزدور ریاست میں واپس آئے ہیں، وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے اپنی حکومت کے عہدیداروں کو حکم دیا تھا کہ ایسے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔